انتخاب:۔ نوشاد علی ریاض احمد۔
گونگا قاتل
شام کا وقت تھا ۔ چودھری نذیر علی اپنے کھیتوں میں کام ختم
کر کے گاؤں کی طرف آرہا تھا ۔ وہ جب قبرستان کے قریب پہنچا تو دس بارہ آدمی اچانک
قبرستان سے نکلے اور سے دھڑا دھڑ مارنے لگے ۔ چودھری نذیر کو چونکہ پہلے سے پتہ نہیں
تھا کہ راستے میں مار پڑے گی اس لیے اس کے پاس کوئی ہتھیار نہ تھا۔ جس کی مدد سے
وہ اپنی جان بچاتا بس بے چارہ نیچے گر کر مار کھانے لگا۔ مارنے والوں نے اپنے چہرے
کالے رنگ کےکپڑوں میں چھپا رکھے تھے جس کی وجہ سے وہ انہیں پہچان نہ سکا۔ بدمعاشوں
نے لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے اُسے خوب مارا ۔ مار کھا کھا کر وہ بے ہوش ہو گیا تو بہت
تیز استرے سے انہوں نے اس کی ز بان کاٹ دی اور پھر وہاں سے بھاگ گئے۔
اتنی دیر میں شورسُن کر گاؤں کے بے شمار لوگ اس جگہ آگئے۔
جنھوں نے آتے ہی نذیر کو اٹھا لیا اور جلدی جلدی اسے تانگے میں ڈال کر بڑے ہسپتال
میں لے گئے۔ ہسپتال میں جلدی پہنچے جانے کے سبب چو دھری نذیر کی جان تو بچ گئی مگر
زبان کٹ جانے کے باعث وہ ہمیشہ کے لیے گونگا ہو گیا ۔ وہ ۴۰ سال
کا جوان تھا۔ اس کے دو پیارے پیارے بچے تھے ۔ لیکن گو نگا ہو جانے کی وجہ سے وہ کسی
سے بات نہیں کر سکتا تھا ۔ ظالموں نے اُس کی زندگی تباہ کر دی تھی ۔ تندرست ہو کر
وہ اُداس رہنے لگا۔ نہ کہیں آتا جاتا نہ کسی سے اشارے میں بھی بات ہی کرتا ۔ وہ بس
یہ سوچتا رہتا کہ اسے کن لوگوں نے مارا ہے ۔ کیونکہ پورے گاؤں میں اُس کا کوئی
دشمن نہ تھا۔ لوگ اس کی عزت کرتے تھے اور اُسے دیکھ کر خوش ہوتے تھے ۔ وہ بھی ہر
بڑے چھوٹے سے پیار کرتا تھا اور ہنس کر ملتا تھا۔ پھر پتہ نہیں اسے کس جرم کی سزا
ملی تھی ۔ وہ سوچ سوچ کر تھک جاتا تو اپنے بچوں کو گود میں بٹھا کر ان سے پیار
کرنے لگتا۔ بچے اپنے باپ کو آؤں آؤں آؤں واؤں واؤں کرتے دیکھتے تو بڑے حیران ہوتے
کہ ہمارے ابا کو کیا ہو گیا ہے ۔ اب یہ ہمارے ساتھ پہلے جیسی باتیں کیوں نہیں
کرتا۔
چودھری نذیر علی اپنے بچوں کی پریشانی دیکھ کر اور زیادہ
غمگین ہو جاتا۔ ایک رات وہ اپنے مکان کی چھت پرلیٹا ہوا تھا کہ اس کی بیوی گھر کا
کام ختم کر کے اس کی چار پائی کے پاس آئی اوربیٹھ کر اس سے باتیں کرنے لگی ۔ کیا
سوچ رہے ہیں قدیر کےابّا۔ اس نے چودھری نذیر
علی سے پوچھا۔ کچھ نہیں ۔ بس آسمان پرستارے گن رہا تھا ۔ چودھری نذیر علی نےاشاروں
میں جواب دیا۔
جھوٹ نہ بولیں قدیر کے ابّا۔ سچ سچ بتائیں کہ اس وقت آپ کیا
سوچ رہے ہیں ۔ اس کی بیوی نے ضد کر کے اس سے پوچھا ۔ سچ تو یہ ہے کہ میں یہ سوچ
رہا تھا کہ میری نہ بان کس نے کاٹی ہے اور کیوں کاٹی ہے ۔ ان لوگوں کا مجھے پتہ کیوں
نہیں چل رہا ،چودھری نذیر نے ہاتھ ہلا ہلا کر اپنی بیوی کو بتایا۔
اب جو ہونا تھا وہ تو ہوگیا ہے ۔ آپ اپنے لیے نہیں تو ننھے
منے بچوں کے لیے ہنسا مسکرایا کریں ۔ بے چارے بیمار رہنے لگے ہیں ۔ پہلے آپ انہیں
سیر کرانے باہر لے جاتے تھے اب وہ بھی بند کر دیا ہے ۔ وہ نا سمجھ ہیں ۔ انہیں کیا
پتہ کہ ہمارے ابو کے ساتھ کیا ظلم ہوا ہے کسی نے ان کی زبان کاٹ کر انہیں بولنے کے
قابل ہی نہیں چھوڑا ۔ میری مانیں تو ان پرانی باتوں کو بھول جائیں ۔ چودھری نذیر کی
بیوی اسے سمجھانے لگی ۔
جنھوں نے میرے ساتھ زیادتی کی ہے جب تک ان سے بدلہ نہیں لے
لوں گا مجھے چین نہیں آئے گا ۔ اور نہ ہی میں ہنس سکوں گا ۔ تم ضد نہ کرو: چودھری
نذیر نے غصے والا چہرہ بنا کر ہا تھوں کے اشارے سے بیوی کو ٹوکا۔
میرا خیال ہے یہ ظلم ساتھ والے گاؤں کے بڑے زمیندار ملک حسن
محمد نے کیا ہے کیونکہ وہ آپ سے زمین خریدنا چاہتا تھا لیکن آپ بیچتے نہیں تھے ۔
ضرور اسی نے یہ حرکت کی ہے تاکہ آپ ناکارہ ہو جائیں اور وہ آپ کی زمین تھوڑے سے پیسے
دے کر خرید لے، میں نے آگے بھی کئی بار آپ کو اس کے متعلق بتایا ہے مگر آپ مانتے ہی
نہیں ۔"
چودھری نذیر نے بیوی
کے جواب میں کوئی بات نہ کی ۔ وہ خاموش رہ کر سوچتے لگا کہ ہو سکتا ہے میری بیوی سچ
کہہ رہی ہو۔ ملک حسن محمد نے ہی اپنے
نوکروں کو بھیج کر میری زبان کٹوائی ہو ۔ اِس شک کو دور کرنے میں کیا حرج ہے۔ میں
صبح سویرے ہی ملک حسن کی حویلی میں جا کے پتہ کرتا ہوں ۔ یہ ارادہ کر کے وہ سو گیا۔
اگلے روزہ وہ سویرے سویرے ملک حسن سے ملنے کے لیے گھر سے چل
دیا۔ ملک حسن جس گاؤں میں رہتا تھاوہ نزدیک ہی تھا اس لیے چودھری نذیر پیدل ہی سفر
کر نےلگا ۔ تھوڑی دیر کے بعد ملک حسن کے گاؤں کی حد شروع ہو گئی ۔ چودھری نذیر نے
قدم تیز کر دیے تاکہ دھوپ نکلنے سے پہلے پہلے ملک حسن کے پاس پہنچ جائے۔ ابھی وہ
اس گاؤں سے ذرا پیچھے ہی تھا کہ اس نے ملک حسن کو اپنے منشی کے ساتھ اپنی طرف آتا
دیکھا۔ وہ دونوں شاید ٹیوب ویل کی طرف جا رہے تھے ۔ کیونکہ ملک حسن کا ٹیوب ویل بھی
اسی طرف تھا۔
چودھری نذیراُ نہیں آتا دیکھ کر کمار کے کھیت میں چھپ گیا
تا کہ وہ ٹیوب ویل پر پہنچ جائیں تو پھر وہاں جا کے ملک حسن سے ملے ۔ راستے میں وہ
ملک حسن سے اس لیے نہیں ملنا چاہتا تھا کیونکہ ایک تو اس کے ساتھ منشی محمد دین
تھا جس کے سامنے بات نہیں کی جا سکتی تھی ۔ دوسرے ملک حسن جلدی میں نظر آرہا تھا جیسے
وہ جلد از جلد ٹیوب ویل پر جانا چاہتا ہو۔ چودھری نذیر کمار کے کھیت میں جس جگہ
چھپا ہوا تھا وہ اس پگڈنڈی کے قریب ہی تھی
جس پر سے ملک حسن اور منشی محمد دین کو گزرنا تھا ۔ جو نہی وہ اس کے قریب آئے اُس
نے منشی محمد دین کی آواز سنی وہ ملک حسن سے کہہ رہا تھا ملک صاحب چو دھری نذیرکو
ہم نے کسی کام کاج کے قابل نہیں رہنے دیا ۔ اب وہ اپنی ساری زمین آپ کے آگے ضرور بیچ
دے گا ۔ بس آپ چُپ ریں وہ خود آپ کے پاس چل کر آئے گا ۔ اگر ہم اس کے پاس گئے تو
اسے فورا شک ہو جائے گا کہ آپ نے اسے مروایا ہے؟ تم ٹھیک کہتے ہو منشی ۔ میں چُپ ہی
رہنا چاہیئے ۔ منشی محمد دین کی بات کےجواب میں ملک حسن بولا-
چودھری نذیر نے دونوں کی باتیں سن لیں۔ اس کی بیوی کی بات
سچی نکلی تھی کہ ساری شرارت ملک حسن کی ہے ۔ اُس پر چودھری نذیر غصے سے پاگل ہو گیا
۔ اس نے جلدی سے چھلانگ ماری اور کمار کے کھیت سے باہر آکر منشی محمد دین کے ہاتھ
میں پکڑی لاٹھی چھین لی اور زور زور سے اُس کے سر پر مارنے لگا۔ محمد دین کے سر پر
ٹھکا ٹھک کر کے لاٹھیاں پڑیں تو اس کے منہ سے درد ناک چیخیں نکل گیئیں اور وہ ذرا
سی دیر میں دھڑام کر کے نیچے گرا اور مر گیا ۔ کیونکہ لاٹھیاں لگنے سے اُس کا سر
جگہ جگہ سے پھٹ گیا تھا ۔ یہاں سے سُرخ سُرخ خون نکل آیا تھا۔ چودھری نذیر اسے قتل
کر کے ملک حسن کو مارنے نکلا تو اس نے دیکھا ملک حسن
سر پر پاؤں رکھ کر بھاگا جار ہا تھا۔ منشی محمد دین کو قتل
کرنے کے بعد چودھری نذیر اپنے گھر واپس نہ آیا کیونکہ اسے ڈر تھا کہ پولیس والے
اسے آکر پکڑ لیں گے جب کہ وہ ابھی اُن سب کو قتل کرنا چاہتا تھا جنھوں نے اس پر
ظلم کیا تھا ۔ لہذا وہ بھاگ کر کمار کے کھیت میں چھپ گیا اور وہاں سے اندر ہی اندر
چلتاتیسر سے گاؤں کے کھیتوں میں چلا گیا اور وہیں بیٹھ کر رات ہونے کا انتظار کرنے
لگا۔
رات ہوئی تو وہ خاموشی سے دوبارہ انہی کھیتوں میں چلتا اسی
جگہ آنکلا جہاں اُس نے منشی محمد دین کو قتل کیا تھا ۔ وہاں سے وہ چھپتا چھپا تا
کسی نہ کسی طرح ملک حسن کی حویلی میں داخل ہو گیا ۔ رات بہت گزر چکی تھی اس لیے
ساری آبادی گہری نیند میں ڈوبی تھی ۔ بس گاؤں کے کتے زور زور سے بھونک رہے تھے۔
چودھری نذیر سب سے پہلے حویلی کے اس حصے میں گیا جس میں ملک حسن کے نوکر سوتے تھے
۔ سارے نوکر ایک ہی قطار میں چارپائیوں پر سورہے تھے۔چودھری نذیر نے جانوروں کا
چارہ رکھنے والی کو کوٹھری میں سے چارہ
کاٹنے والا ٹکوا اٹھا لایا ۔ٹکوا بے حد تیز تھا ۔ چودھری نذیر نے اس سے باری باری
سارے نوکروں کی گردنیں کاٹ دیں۔
اس کام میں اس نے اتنی تیزی اور پھرتی سے کام لیا کہ کسی بھی
نوکر کو پتہ نہ چلا کہ اس کے ساتھی قتل ہو گئے ہیں اور اب اس کی باری ہے ۔ نوکروں
کو مار کر چودھری نذیر جو نہی ملک حسن کی
طرف جانے لگا تو حویلی کے کتوں کو پتہ چل گیا اور انہوں نے زور سے بھونکنا شروع
کردیا جس سے ملک حسن ہوشیار ہو گیا یہ دیکھ کر چو دھری نذیر وہاں سے بھاگ آیا اور
واپس کھیتوں میں آکر چھپ گیا ۔ صبح ہوتے ہی اس سارے علاقے کو پولیس والوں نے گھیر لیا اور گھر گھرکی تلاشی
لینے لگے ۔ گھروں کی تلاشی لینے کے بعد پولیس والے چودھری نذیر کو ڈھونڈ نے کھیتوں
میں بھی آئے لیکن تھوڑے سے کھیتوں کی تلاشی لے کر لوٹ گئے اور جا کہ ملک حسن کو
تسلی دی کہ فکر نہ کرو ہم نے سارے علاقے کی ناکہ بندی کر دی ہے ۔ گو نگا قاتل
ہمارے ہاتھ سے ہر گزنہ نہیں بچے گا ۔ ہم آج ہی اُسے گرفتار کر لیں گے ۔ ملک حسن کی
ڈر کے مارے ٹانگیں کانپ رہی تھیں ۔ پولس والوں کا دعوی سن کر اس کے منہ سے کوئی بات نہ نکلی۔
رات ہوئی تو چو دھری نذیر دوبارہ ملک حسن کی حویلی میں داخل
ہو گیا حالاں کہ پولیس والے جگہ جگہ پہرہ دے رہے تھے ۔ مگر چو دھری نذیر چونکہ اس
گاؤں کا پُرانا واقف تھا۔ اس لیے وہ بڑی آسانی سے حویلی میں چلا گیا۔ ٹکوا اب بھی
اُس کے ہاتھ میں تھا۔ اس نے جا کر ملک حسن کو جگایا اورٹکوے سے اُس کی زبان کاٹ دی
ملک حسن نے بہتری معافی مانگی ۔ منت سماجت کی پرچودھری نذیر نے بھی اُسے اپنی طرح
کا گونگا بنا کر چھوڑا ۔ اس کے بعد اس نے ملک حسن کو قتل نہ کیا ۔ بلکہ زندہ رہنے
دیا اور حویلی سے نکل آیا۔ با ہر آکر وہ بھاگا نہیں بلکہ شور مچا کر اس نے ادھر
ادھر پہرہ دیتے ہو ئے پولیس والوں کو
اکٹھا کر لیا اور اپنے آپ کو اُن کے حوالے کر دیا چونکہ اس نے اپنے دشمنوں سے بدلہ
لے لیا تھا ۔ پولیس والے اسے ہتھکڑی پہنا کر تھانے میں لے گئے ۔
۔۔۔۔ختم شُد۔۔۔۔
#Goounga Qatil